چیف منسٹر حکمرانی پر توجہ مرکوز کریں: ریونت ریڈی
حیدرآباد 11 نومبر (این ایس ایس) ریاستی ٹی آر ایس حکومت کی ترجیحات و پالیسیوں کے خلاف طنزیہ تبصرے کرنے کیلئے شہرت رکھنے والے تلگودیشم پارٹی کے رکن اسمبلی اے ریونت ریڈی نے آج ٹی آر ایس حکومت کی قیادت میں تبدیلی کی تجویز پیش کی۔ اسمبلی لابی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ کے چندرشیکھر راؤ کی بجائے اگر ٹی ہریش راؤ کو چیف منسٹر مقرر کیا جائے تو وہ کے سی آر سے بہتر ثابت ہوسکتے ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت کو چاہئے کہ وہ حکمرانی پر توجہ مرکوز کرے۔ اِس مقصد کے لئے ریاست میں قیادت کی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ اگر ٹی ہریش راؤ کو چیف منسٹر بنایا جاتا ہے تو وہ کے سی آر سے بہتر حکمرانی کرسکیں گے۔ ریونت ریڈی نے ایک اور طنز کرتے ہوئے کہاکہ ’’کے سی آر نے ایک مرتبہ کہا تھا کہ اُن کے آباء و اجداد کا تعلق ریاست بہار سے ہے اور میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ عہدیداروں کی تقسیم پر اُن کی حکومت مرکز کے خلاف احتجاج کرنے میں کیوں ناکام ہوگئی ہے‘‘۔