گاؤں گاؤں قراردادوں کی منظوری، برہمن سماج کی جانب سے تہنیت
حیدرآباد ۔ 18۔ستمبر (سیاست نیوز) سدی پیٹ اسمبلی حلقہ سے وزیر آبپاشی ہریش راؤ کے دوبارہ انتخاب کا عہد کرتے ہوئے مختلف مواضعات اور منڈلوں میں عوام کی جانب سے متفقہ قراردادوں کی منظوری کا سلسلہ جاری ہے ۔ ٹی آر ایس کے موجودہ ارکان اسمبلی نے ہریش راؤ کی عوامی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ہر گاؤں میں سینکڑوں کی تعداد میں عوام جمع ہوکر ہریش راؤ کی تائید کا اعلان کر رہے ہیں۔ ہر گاؤں میں قرارداد کی منظوری سے اپوزیشن پارٹیوں میں الجھن پائی جاتی ہے۔ عوام مجوزہ انتخابات میں ہریش راؤ کو ایک لاکھ سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب بنانے کا عہد کرچکے ہیں۔ قراردادوںکی منظوری کے بعد انہیں وزیر آبپاشی کے بعد روانہ کیا جارہا ہے۔ سدی پیٹ کی ہمہ جہتی ترقی اور تمام طبقات کے ساتھ مساوی سلوک کے لئے ہریش راؤ اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق عوام نے سدی پیٹ میں ترقیاتی کاموں کی تفصیلات پر مشتمل پمفلٹس تیار کئے ہیں جنہیں عوام میں تقسیم کیا جارہا ہے ۔ اسی دوران برہمن سماج کے ایک نمائندہ وفد نے ہریش راؤ سے ملاقات کی اور انتخابی منشور میں ان کے مسائل شامل کرنے کی اپیل کی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر برہمن سماج کی ترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں۔ برہمن سنگم کے قائدین، ویدک پنڈتوں اور پجاریوں پر مشتمل وفد نے ہریش راؤ کو آشیرواد دیا۔ سدی پیٹ میں مختلف مندروں کی تعمیر اور تزئین نو کے علاوہ پجاریوں کی بھلائی کے اقدامات پر ہریش راؤ سے اظہار تشکر کیا گیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں کسی حکومت نے برہمن سماج کی بھلائی پر توجہ نہیں دی تھی ۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد کے سی آر تمام طبقات کی بھلائی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے برہمن سنگم کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی ۔