کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر شفافیت پر مبنی :گورنمنٹ وہپ پی راجیشور ریڈی
حیدرآباد ۔ یکم اگست (سیاست نیوز) گورنمنٹ وہپ پی راجیشور ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کے آغاز کے پہلے ہی دن سے اپوزیشن جماعتیں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ پراجکٹ کی تکمیل کو روکنے کیلئے گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجیشور ریڈی نے کہا کہ پراجکٹس میں بدعنوانیوں کے الزامات کے ذریعہ عوام میں الجھن پیدا کرنے کی کوششیں قابل مذمت ہیں۔ وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے پراجکٹ کے بارے میں جو وضاحت کی ہے ، اس سے ہر کوئی مطمئن ہے لیکن ریونت ریڈی ، اتم کمار ریڈی اور جانا ریڈی جان بوجھ کر الزام تراشی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیو 238 میں پراجکٹ سے متعلق تمام تفصیلات درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر سے تلنگانہ میں خشک سالی کی صورتحال کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ پسماندہ اضلاع کے کسان فصلوں کیلئے معقول پانی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ریونت ریڈی کو چیلنج کیا کہ پراناہیتا چیوڑلہ پراجکٹ پر کانگریس حکومت کی جانب سے کئے گئے خرچ کا ثبوت پیش کریں۔ عوام میں غلط اعداد و شمار کے ذریعہ یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ کانگریس نے آبپاشی پراجکٹس کیلئے بھاری رقم خرچ کی ہے ۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ پراجکٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں سنٹرل واٹر کمیشن کے رہنمایانہ خطوط پر عمل کیا گیا ہے۔ ہریش راؤ کی وضاحت کے بعد کانگریس قائدین کو الزام تراشی کا سلسلہ بند کرنا چاہئے ۔ انہوں نے ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ الزام تراشی بند کرتے ہوئے معذرت خواہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور تلنگانہ کے نقشہ سے کانگریس پار ٹی کا صفایا ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے پروگرام میں کودنڈا رام کی شرکت سے یہ واضح ہوچکا ہے کہ دونوں حکومت کے خلاف مہم میں شریک ہیں۔ بدعنوانیوں میں ملوث کانگریس پارٹی کو ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کا کوئی حق حاصل نہیں۔