ہریش راؤ کی خصوصی دلچسپی سے عصری مارکٹ یارڈ کی تعمیر

حیدرآباد۔/28 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و مارکیٹنگ ہریش راؤ کی خصوصی دلچسپی سے سدی پیٹ کے گنگا پور میں عصری سہولتوں کے ساتھ مارکٹ یارڈ کی تعمیر عمل میں آئی ہے۔ گنگا پور میں ریاست کا پہلا مارکٹ یارڈ تعمیر کیا گیا جو صرف مرچ کی خرید و فروخت کا مرکز ہوگا۔ وزیر مارکٹنگ ہریش راؤ کی خصوصی دلچسپی سے ایک کروڑ 65 لاکھ کے خرچ سے مارکٹ یارڈ تعمیر کیا گیا۔ سدی پیٹ اور اطراف واکناف کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے مرچ کے کاشتکاروں کو اس سے سہولت ہوگی۔ ہریش راؤ 29 جولائی کو مارکٹ یارڈ کا افتتاح کریں گے۔ کسانوں کی بھلائی کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ خاص طور پر پیداوار اشیاء کی فروخت اور مناسب قیمت کی فراہمی کیلئے حالیہ عرصہ میں کئی قدم اٹھائے گئے۔ پیداواری اشیاء کی فروخت کیلئے مارکٹ یارڈس کی کمی کا سامنا تھا۔ سدی پیٹ اسمبلی حلقہ میں چناکوڈور منڈل کے گنگاپور گاؤں میں تعمیر کیا گیا مارکٹ یارڈ کسانوں کی اہم ضرورت کی تکمیل ہے۔ سابق میں بنیادی سہولتوں کی کمی کے نتیجہ میں کسانوں کو مختلف مسائل کا سامنا تھا، مارکٹ یارڈ کے قیام سے کسانوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ نئے مارکٹ یارڈ سے نہ صرف کسانوں کو فائدہ ہوگا بلکہ انہیں پیداواری اشیاء خاص طور پر مرچ کی فروخت میں سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے دیگر علاقوں میں بھی اس طرح کے عصری سہولتوں کے ساتھ مارکٹ یارڈس کی تعمیر عمل میں آئے گی۔