شدید بارش کے سبب بیگم پیٹ پر لینڈنگ مشکل تھی
حیدرآباد۔2اکٹوبر (سیاست نیوز) موسم کی خرابی سڑک پر چلنے والے عوام کو ہی نہیں بلکہ فضاء میں اڑنے والے وزراء کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ جو آبپاشی پراجکٹس کے افتتاح کیلئے بذریعہ ہیلی کاپٹر کھمم روانہ ہوئے تھے انہیں واپسی کے دوران موسم کی خرابی کے سبب بیگم پیٹ ائیر پورٹ کے بجائے حکیم پیٹ فضائی پٹی پر اترنا پڑا۔ ہریش راؤ اپنے کابینی رفیق مسٹر ٹی ناگیشور راؤ کے ہمراہ کھمم سے حیدرآباد واپس ہو رہے تھے لیکن موسلا دھار بارش کے سبب پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کرکے ناقص بینی کی شکایت کی جس کے سبب انہیں ائیر ٹریفک کنٹرول نے بیگم پیٹ کا رخ نہ کرتے ہوئے حکیم پیٹ فضائی پٹی پر اتر جانے کا مشورہ دیا۔شیڈول کے مطابق مسٹر ہریش راؤ کے ہیلی کاپٹر کو 6بجے بیگم پیٹ ائیر پورٹ پر اترنا تھا لیکن خرابی موسم کے سبب ان کے ہیلی کاپٹر کو قبل از وقت حکیم پیٹ ائیر بیس پر اتار لیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ خرابی موسم کے سبب فضاء میں ناقص بینی کی صورتحال اور موسلا دھار بارش کے تسلسل کے سبب حالت انتہائی ابتر ہوچکی تھی جس کے سبب ان کے ہیلی کاپٹر کو محفوظ طریقہ سے حیدرآباد کے نواحی علاقہ میں واقع فضائیہ کے ائیر بیس حکیم پیٹ نزد شاہ میر پیٹ پر اتارنے کا فیصلہ کیا گیا۔