حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے انسانی ہمدردی کے جذبہ کے تحت ایک معذور غریب شخص کو روزگار کی فراہمی کا تیقن دیا۔ ہریش راؤ آج اسمبلی میں ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کے دفتر پہنچے جہاں ایک معذور شخص کے رامو نے ان سے ملاقات کی خواہش کی ۔ ہریش راؤ نے فوری اس شخص سے ملاقات کی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ کے رامو نے اپنے گھریلو اور معاشی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے ایک یادداشت حوالے کی اور درخواست کی کہ اسے روزگار فراہم کیا جائے۔ ہریش راؤ نے تیقن دیا کہ روزگار کی فراہمی سے متعلق درخواست پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا ۔ معذور شخص ہریش راؤ کے جذبہ سے کافی متاثر ہوا اور مطمئن ہوکر لوٹ گیا۔ ہریش راؤ نے اپنے سکریٹری کو یہ دستاویزات حوالے کرتے ہوئے ضروری کارروائی کی ہدایت دی۔