حیدرآباد 27 فبروری ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر امور مقننہ ٹی ہریش راؤ نے آج اسپیکر اسمبلی مسٹر ایس مدھوسدن چاری اور قانون ساز کونسل کے صدر نشین سوامی گوڑ کے ساتھ اسمبلی کے احاطہ میں اجلاس منعقد کئے ۔ چیف سکریٹری راجیو شرما ‘ اڈیشنل ڈی جی پی سدیپ لکٹکیہ موجود تھے ۔ اجلاس میں بجٹ سشن کے پرسکون انعقاد کے تعلق سے غور و خوض کیا گیا ۔ تلنگانہ اسمبلی کا بجٹ اجلاس 7 مارچ سے 27 مارچ تک جاری رہے گا ۔ ہریش راؤ نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اجلاس کے پرسکون انعقاد کو یقینی بنائیں کیونکہ اسی تاریخ کو اے پی اسمبلی کا اجلاس بھی شروع ہونے والا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چونکہ دونوں تلگو بولنے والی ریاستوں کے اسمبلی اجلاس کا ایک ہی تاریخ کو آغاز ہو رہا ہے ایسے میں عہدیداروں کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ پولیس عملہ سے تعاون کریں تاکہ گاڑیوں کی پارکنگ کی نگرانی ہوسکے اور ارکان کی آمد و رفت کو پرسکون بنایا جاسکے ۔