ہریش راؤ اور کے ٹی آر پھر ایک بار ساتھ ساتھ

وینکٹ سوامی کی جینتی تقریب میں دونوں قائدین توجہ کا مرکز
حیدرآباد۔/5 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزراء ٹی ہریش راؤ اور کے ٹی راما راؤ نے آج پھر ایک مرتبہ باہم اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان اطلاعات کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ پارٹی میں دونوں کے علحدہ گروپ سرگرم ہیں۔ آنجہانی جی وینکٹ سوامی کی یوم پیدائش تقریب میں دونوں وزراء نے شرکت کی اور تقریب کے دوران دونوں ایک ساتھ بیٹھے رہے۔ وقفہ وقفہ سے وہ آپس میں خوشگوار موڈ میں بات چیت کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر قائد جی وینکٹ سوامی کی جینتی تقریب میں ٹی آر ایس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر کے کیشوراؤ، سابق وزیر ڈاکٹر پی شنکر راؤ، رکن پارلیمنٹ سکھیندر ریڈی، رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد اویسی اور دوسروں نے شرکت کی۔ وینکٹ سوامی کی تصویر پر قائدین نے پھول نچھاور کئے۔ اس موقع پر مقررین نے تلنگانہ کیلئے وینکٹ سوامی کی خدمات کو خراج پیش کیا۔ ہریش راؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دلتوں اور غریبوں کے دلوں میں جی وینکٹ سوامی بستے ہیں۔ وہ ایسی شخصیت تھے جن کا کوئی مخالف نہیں تھا۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کیلئے ان کی کاوشوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا وہ ہمیشہ علحدہ تلنگانہ کے کٹر حامی رہے۔ 1969 میں اسٹوڈنٹ لیڈر کی حیثیت سے تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کیا۔ اس کے بعد بھی وہ تلنگانہ تحریکات سے وابستہ رہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ وینکٹ سوامی کی خواہش پر کے سی آر نے کالیشورم پراجکٹ کا منصوبہ بنایا۔ پراجکٹ کے تعمیری کام90 فیصد مکمل ہوچکے ہیں اور آئندہ چند ماہ میں پانی کی سربراہی کا آغاز ہوگا۔ ڈاکٹر کے کیشوراؤ نے جی وینکٹ سوامی کو خراج پیش کیا۔ قبل ازیں وینکٹ سوامی کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے گئے۔ تقریب میں کے ٹی آر اور ہریش راؤ کی شرکت عوام کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔ اسی دوران ورنگل کے اسمبلی حلقہ ڈورناکل کو ایس آر ایس پی پراجکٹ سے پانی جاری کرنے کیلئے ہریش راؤ نے عہدیداروں کو احکامات جاری کئے۔ سابق رکن اسمبلی ریڈیا نائیک نے اس سلسلہ میں نمائندگی کی تھی۔ ہریش راؤ کی قیامگاہ پر ریڈیا نائیک اور مقامی قائدین نے ملاقات کی اور ڈورناکل اسمبلی حلقہ کے کسانوں کی فصلوں کے تحفظ کی درخواست کی۔