حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ’’میرے اور ہریش راؤ کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں اور ہم دونوں کیلئے خاندان اولین ترجیح ہے جس کے بعد سیاست ہے‘‘۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے یہ ریمارک کیا ۔ میڈیا میں دونوں قائدین کے درمیان اختلافات سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ہریش راؤ کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کی جارہی ہے ۔ ہم دونوں کیلئے خاندان فرسٹ اور سیاست ثانوی درجہ رکھتی ہے۔ ہم دونوں کا یہ فیصلہ ہے کہ کے سی آر مزید 15 برسوں تک چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے الزامات کے ذریعہ خاندان میں پھوٹ کا تاثر دیا جارہا ہے۔ کے ٹی آر گجویل کے کانگریس قائد پرتاپ ریڈی کے اس الزام کا حوالہ دے رہے تھے ، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہریش راؤ نے کے سی آر کو شکست دینے کیلئے تعاون کا تیقن دیا۔