ہریتا ہارم کے ذریعہ ریاست میں 23.20 کروڑ پودے لگائے گئے

کھمم میں مقررہ نشانہ سے زائد شجر کاری ۔ تمام اضلاع میںخصوصی دلچسپی پر وزیر جنگلات کا زور
حیدرآباد 28اگست ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ہریتا ہارم پروگرام کے ذریعہ اب تک 23.20 کروڑ پودوں کی شجرکاری کی گئی جبکہ گذشتہ کئی دنوں سے ریاست میں بارش کے نتیجہ میں ہریتا ہارم پروگرام کا کامیابی کے ساتھ انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ ماہ 12جولائی سے شروع کئے گئے تیسرے مرحلہ کے تحت ہریتا ہارم پروگرام کا جس مقصد سے انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے اس میں 55فیصد تک کامیابی حاصل ہوچکی ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ ہریتا ہارم پروگرام کے تحت اس مرتبہ جنگلاتی علاقہ میں جملہ 14کروڑ پودوں کی شجرکاری کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا اور اب تک زائد از 3کروڑ پودوں کی شجرکاری مکمل کرلی گئی ۔ اسی دوران جن اضلاع میں 50 تا 60 فیصد پودوں کی شجرکاری نہیں ہوئی ان میں مخصوص توجہ دینے کی وزیر جنگلات مسٹر جوگو رامنا نے تمام عہدیداران کو ہدایات دی ہیں ۔ اسکے علاوہ ارکان اسمبلی کو مکتوبات روانہ کرکے ان سے شجرکاری میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کرنے کی خواہش کی گئی ۔ بتایا جاتا ہیکہ کھمم میں ہریتا ہارم پروگرام کے صدفیصد نشانہ کو مکمل کرلیا گیا اور اس کارکردگی پر وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے نہ صرف ضلع کلکٹر بلکہ دیگر عہدیداروں کی ستائش کی ۔ کھمم میں 1.85 کروڑ پودوں کی شجرکاری کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا اب تک اس نشانہ سے زیادہ پودوں کی شجرکاری کی جاچکی ہے ۔ اسی طرح ضلع نظام آباد میں مقررہ نشانہ کے مقابلہ میں 95.47 فیصد پودوں کی شجرکاری کے ذریعہ ضلع دوسرے نمبر پر ہے ۔ علاوہ ازیں ورنگل رورل میں 93.74 فیصد پودوں کی شجرکاری کی گئی ۔ بتایا جاتا ہیکہ شجرکاری پروگرام میں گرین بریگیڈ ٹیموں کی تشکیل کے بہتر نتائج حاصل ہورہے ہیں ۔ پرنسپال چیف کنزرویٹر آف فارسٹ مسٹر پی کے جھا نے محفوظ جنگلاتی علاقہ جات میں جنگی خطوط پر انجام دی جانے والی پودوں کی شجرکاری کے باعث کسی بھی محکمہ جنگلات کے عہدیدار کو ہیڈ کوارٹر چھوڑ کر نہ جانے کی ہدایات دی ہیں ۔