اندرون ہفتہ رنگاریڈی میں نشانہ مکمل:بی مہیندر ریڈی
حیدرآباد۔/31جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ ریاست تلنگانہ مسٹر بی مہیندر ریڈی نے ریاست میں جاری ہریتا ہارم پروگرام کے کامیاب انعقاد اور پودوں کی شجرکاری کے دوران اور بعد میں خاطر خواہ بارش ہونے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران ضلع رنگاریڈی میں ہریتا ہارم پروگرام کے ذریعہ پودوں کی شجرکاری کیلئے مقررہ نشانہ مکمل کرلیا جائے گا۔ وزیر موصوف نے آج پرگی منڈل کے مختلف مقامات جعفر پلی تا مجاہد پور کی سمت جانے والی شاہراہ کے دونوں جانب مقامی عوام کے ہمراہ بڑے پیمانے پر منظم کردہ ہریتا ہارم پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے پودوں کی شجرکاری کی۔ بعد ازاں وہاں پر موجود عوام اور پارٹی قائدین و کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مہیندر ریڈی نے کہا کہ ضلع رنگاریڈی میں جملہ 2.32 کروڑ پودوں کی شجرکاری کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا اور اب تک زائد از 1.60 کروڑ پودوں کی شجرکاری مکمل کرلی گئی ۔ اس طرح آئندہ ایک ہفتہ کے دوران بڑے پیمانے پر پودوں کی شجرکاری میں تیزی پیدا کرتے ہوئے مقررہ نشانہ کو مکمل کرلیا جائے گا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی پرگی مسٹر رام موہن ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پودوں کی شجرکاری میں پرگی کے سرفہرست رہنے کیلئے اقدامات کرنے کیلئے متعلقہ سرکاری عہدیداروں اور پارٹی قائدین و کارکنوں پر زور دیا۔ اس پروگرام میں ڈی ایف او سوشیل فارسٹری مسٹر ناگا بھوشنم، فارسٹ رینج آفیسر پرگی شریمتی کویتا، منڈل ڈیولپمنٹ آفیسر پرگی مسٹر وجئے اپا اور دیگر عہدیدار بشمول سرپنچ اور منڈل پرجا پریشد کے ارکان وغیرہ بھی شریک تھے۔