چندی گڑھ ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعلیٰ ہریانہ بھوپندر سنگھ ہوڈا کی جانب سے ریاستی انفارمیشن کمیشن کے نئے ارکان اور رائٹ ٹو سرویس کمیشن کے کمشنرس کو عہدہ کی حلف برداری دلانے پر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے جبکہ حیرت انگیز بات یہ ہیکہ ریاست میں صرف ایک گھنٹہ قبل ہی ریاستی گورنر نے عہدہ کا چارج حاصل کیا تھا۔ اپوزیشن نے اس واقعہ پر اعتراض کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کی جانب سے عہدہ کی حلف برداری کروانے کو غیرآئینی عمل قرار دیا۔ دوسری طرف چیف سکریٹری ایس سی چودھری نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے تقررات اور عہدہ کا حلف دلانا کوئی غیرآئینی یا غیرقانونی عمل نہیں ہے۔ بی جے پی کے نامزد کردہ کپتان سنگھ سولنکی نے کل ریاست ہریانہ کے گورنر کے عہدہ کا جائزہ حاصل کیا تھا لیکن اس کے باوجود وزیراعلیٰ نے ایس آئی سی کے دو کمشنرس اور رائٹ ٹو سرویس کمیشن کے تین عہدیداروں کو عہدہ کا حلف دلایا جبکہ ماضی میں انفارمیشن کمشنرس کو عہدہ کا حلف گورنر دلایا کرتے تھے۔