ہریانہ حکومت میں کابینی وزیر بننے سے رام دیو کا انکار

رائے (سونی پت) 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) یوگا گرو بابا رام دیو نے آج حکومت ہریانہ کی جانب سے انہیں کابینی وزیر بنائے جانے کی پیشکش کو مسترد کردیا اور کہا کہ وہ وزارتی عہدہ کے متمنی نہیں ہیں اور وہ بابا ہی رہنا پسند کرتے ہیں۔ رام دیو نے اس بات کا اعلان یہاں ہریانہ حکومت کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔ دارالحکومت دہلی سے 60 کیلو میٹر دور رائے میں تقریب منعقد کر کے حکومت نے رام دیو کی تہنیت پیش کی تھی ۔ رام دیو نے کہا کہ آپ کا فیصلہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے لیکن میں آپ (حکومت ہریانہ )کا تہہ دل سے شکرگذار ہوں کہ یہ اعزاز بخشا گیا لیکن میں پرُخلوص طور پر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میں بابا اور ایک فقیر کی حیثیت سے آپ کی خدمت کروں۔ آپ نے مجھے جو کچھ دیا ہے یا دینے کی پیشکش کی ہے یہ میرے لئے بڑا اعزاز اور عزت کی بات ہے جس کا میں ممنون و مشکور ہو ں۔ میں بصد احترام اس پیشکش کو آپ کے ہی سپرد کرتا ہوں ۔ ہریانہ حکومت کے اس فیصلہ پر اپوزیشن کانگریس نے شدید تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ ہریانہ حکومت بابا رام دیو کی دلجوئی کرنے کیلئے اس طرح کا حقیر راستہ اختیار کیا ہے ۔ رام دیو نے کہا کہ میں ہریانہ کا برانڈ ایمبسیڈر کی حیثیت سے کام انجام دوں گا اور یوگا و ایوروید کو فروغ دوں گا۔اپوزیشن کانگریس نے حکومت کے اس اقدام کی مخالفت کی کہ اس نے بابا رام دیوکو پہلے برانڈ ایمبسیڈر بنایا اور اس کے بعد اسے کابینی درجہ دینے کا فیصلہ کیا ۔ آج یہاں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جس میں چیف منسٹر منوہر لال کتھراوں کے کابینی وزراء رام جبل شرما ‘انیل وجئے کویتا جبل میں شریک تھے ۔ بابا رام دیو نے کہا کہ میں چیف منسٹر کتھرا گاولی سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہو ںنے میرے حق میں یہ اعزازی قدم اٹھایا ۔میں پوری ہریانہ کابینہ کا بھی شکر گذار ہوں کہ انہو ںنے میرے لئے عزت و وقار کا مقام پسند کیا ۔ انہو ںنے کہا کہ گذشتہ سال ہریانہ انتخابات سے قبل ریاست کے کئی عوام نے کہا تھا کہ بابا رام دیوکے کئی ارکان پارلیمنٹ میں انتخابات کے بعد یہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ بابا کے پاس کئی وزراء ہیں اس کی کیا اہمیت ہے کتنے وزیر ہیں‘ایم پیز ‘ایم ایل اے ہیں اور کتنے چیف منسٹر ہیں حقیقت یہ ہے کہ نریندر مودی بھی بابا کے وزیر اعظم ہیں وہ ملک کے وزیر اعظم ہیں لہذا وہ ہمارے وزیر اعظم ہیں ۔ رام دیو نے کہا کہ انہو ںنے بے لوث خدمت کی ہے اور یہ سمجھ کر کام کیا ہے کہ مودی کو ملک کا وزیر اعظم بنایا جائے ۔ میں نے اسے اپنا راشٹریہ دھرم سمجھ کر کیا ہے ۔ اب وزیر اعظم ہمارے ہیں پوری کابینہ ہماری ہے ۔ ہر یانہ کے چیف منسٹر ہمارے ہیں اور ان کی کابینہ ہماری ہے اس لئے بابا کو بابا ہی رہنے دیئے ۔ میں صرف بابا کی حیثیت سے خدمت کرنا چاہتا ہوں ۔ انسانیت کی خدمت ہی میرا مقصد ہے میں کوئی وزارتی عہدہ یا موقف حاصل کرنا نہیں چاہتا ۔