ہرضلع میں آئی ٹی پارکس و ٹاورس کے قیام کا منصوبہ

حیدرآباد ۔ 6۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حکومت ضلع ہیڈکوارٹرس پر آئی ٹی پارکس اور آئی ٹی ٹاورس کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔ قانون ساز کونسل میں وی گنگا دھر گوڑ کے سوال پر کے ٹی آر نے بتایا کہ ورنگل میں آئی ٹی پارک بشمول 15000 مربع فیٹ کے آئی ٹی ٹاور کو قائم کیا گیا ہے۔ کھمم ٹاؤن میں 25,000 مربع فیٹ کے آئی ٹی ٹاور کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نظام آباد اور کریم نگر ٹاؤنس میں 25,000 مربع فیٹ طویل آئی ٹی ٹاورس کے قیام کو منظوری دی جاچکی ہے۔ نظام آباد میں آئی ٹی ٹاور کیلئے اراضی کی نشاندہی اور ٹیکنیکل تخمینہ کی تیاری کا کام جاری ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ دو تین ماہ میں تعمیری کام کا آغاز ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی شعبہ کی ترقی کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔ کئی بیرونی کمپنیوں نے تلنگانہ میں اپنے ادارے قائم کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔