ممبئی۔/31مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) فلمی اداکار ہریتک روشن کی جانب سے نامعلوم افراد کے خلاف جعلسازی کی شکایت درج کروانے کے بعد سٹی پولیس نے قومی ایوارڈ یافتہ اداکارہ کنگنا راوت اور ان کی بہن کو ان کا بیان ریکارڈ کرنے کیلئے طلب کیا ہے۔ قبل ازیں ہرتیک روشن نے سب اربن باندرہ ۔ کرلا کمپیوٹر پولیس سے رجوع ہوکر یہ ایف آئی آر درج کروائی تھی کہ بعض نامعلوم افراد نے ان کے نام پر فرضی ای ۔ میل آئی ڈی کھول کر ان کے پرستاروں سے گفتگو کی ہے۔ حال ہی میں ہرتیک اور کنگنا نے ایک دوسرے کے خلاف قانونی نوٹس روانہ کی تھی جس کے بعد فلم ’کوئین ‘ کی اداکارہ نے یہ انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ای میل کے ذریعہ ہرتیک سے مراسلت کی تھی تاہم ہرتیک روشن نے ای میل رابطہ کی تردید کی ہے اور بتایا کہ ای میل آئی ڈی انہوں نے نہیں کھولا تھا جبکہ کوئی اور شخص نے ان کے نام سے کھول کر دھوکہ دیا ہے۔