حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری (سیاست نیوز) آندھراپردیش حکومت نے وشاکھاپٹنم ضلع میں ہدہد طوفان سے متاثرہ چرچیس کی تعمیر و مرمت کیلئے 4 لاکھ 96 ہزار روپئے جاری کئے ہیں۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال نے آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے گئے ۔ کلکٹر وشاکھاپٹنم نے مینجنگ ڈائرکٹر کرسچن فینانس کارپوریشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ضلع میں طوفان سے متاثرہ چرچس کی تعمیر و مرمت کیلئے 4 لاکھ 96 ہزار روپئے جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔ کارپوریشن نے اس مسئلہ کو حکومت سے رجوع کیا۔ آندھراپردیش حکومت نے اس درخواست کا جائزہ لیتے ہوئے مذکورہ رقم جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مینجنگ ڈائرکٹر اے پی اسٹیٹ کرسچن فینانس کارپوریشن کو یہ رقم جاری کردی گئی جس کے ذریعہ 53 چرچس کو مرمت کیلئے گرانٹ دی جائے گی۔ ان چرچس کے نقصانات کی بنیاد پر رقم منظور کی گئی ہے اور زیادہ سے زیادہ 10,000 روپئے کی رقم منظور کی گئی۔
اُردو آرٹس ایوننگ کالج کا سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و انعامات
حیدرآباد 25 فروری (پریس نوٹ) اُردو آرٹس ایوننگ کالج حمایت نگر کا سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و انعامات 26 فروری کی شام ساڑھے پانچ بجے اُردو ہال حمایت نگر میں مقرر ہے۔ تقریب کا اہتمام انجمن ترقی اُردو آندھراپردیش نے کیا۔ صدارت چیرمین گورننگ باڈی اُردو آرٹس ایوننگ کالج جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ کریں گے۔ جبکہ پروفیسر فاطمہ بیگم سابق وائس پرنسپل آرٹس کالج و سابق صدر شعبہ اُردو جامعہ عثمانیہ بہ حیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ جناب سید سجاد شاہد سکریٹری کرسپانڈنٹ اُردو آرٹس ایوننگ کالج تقریب کے مہمان خصوصی رہیں گے۔ پرنسپل اُردو آرٹس ایوننگ کالج کے بموجب اس تقریب میں طلباء میں کالج کے ادبی مقابلوں کے انعامات و اسناد تقسیم کئے جائیں گے۔