غازی آباد۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گاؤ رکھشکوں کی جانب سے ہاپور میں ہجومی تشدد کا شکار قاسم کے بھائی پر جمعہ کی شام قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ غازی آباد کے علاقہ مسوری میں قاسم کے بھائی اور اُن کے سکیورٹی گارڈ پر بعض شر پسند عناصر نے حملہ کیا۔ اس حملے میں وہ بال بال بچ گئے۔ مسوری پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج رجسٹر کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی وائبھو کرشنا کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور شرپسندوں کو فوری گرفتار کیا جائے گا۔ قاسم کے بھائی نے پولیس میں شکایت درج کرائی کہ وہ اور ان کے سکیورٹی گارڈ ، مسوری سے ہاپور جارہے تھے کہ ایک گاڑی نے انہیں روندنے کی کوشش کی گئی۔ قومی شاہراہ 24 پر وہ اس حملے میں بال بال بچ گئے۔ واضح رہے کہ 18 جون کو ایک ہجوم نے قاسم قریشی کو زدوکوب کرکے ہلاک کردیا تھا۔