ہجومی تشدد میں ملوث شخص برقی شاک سے ہلاک

رامگڑھ۔27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ کے رام گڑھ ٹائون میں ایک مسلم شخص علیم الدین کو شدید زدوکوب کرکے ہلاک کرنے والے ہجومی تشدد میں ملوث 11 مجرمین میں سے ایک مجرم سکندر رام آج اپنے گھر کے قریب برقی شاک سے ہلاک ہوگیا۔ جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے 11 ملزمین کو ضمانت پر رہا کردیا تھا۔ پولیس نے کہا کہ یہ واقعہ رام گڑھ ٹائون کے بازار کھنڈ بستی میں پیش آیا۔ سکندر رام مارکٹ کی طرف جارہا تھا کہ برقی تار چھونے سے وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ 29 جون 2017ء کو اپنی کار میں گوشت لانے کے شبہ میں ہجوم نے 40 سالہ علیم الدین انصاری کو بری طرح زدوکوب کرکے ہلاک کردیا تھا۔ فارنسک ٹسٹ کے بعد یہ ثابت ہوا تھا کہ یہ گائے کا گوشت نہیں بلکہ میٹ تھا۔ علیم الدین کی اہلیہ مریم خاتون نے سکندر رام کے بشمول 17 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروایا تھا۔ جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے 11 افراد کی درخواست ضمانت کی سماعت کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کیا تھا۔ ان تمام کو تحت کی عدالت نے عمر قید کی سزاء سنائی تھی لیکن ہائی کورٹ نے 29 جون کو ضمانت پر رہا کیا تھا۔