ہجومی تشدد سے نمٹنے نئے قانون پر سکریٹریز پیانل کا غور

نئی دہلی 28 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر سرکاری عہدیداروں کی ایک کمیٹی نے آج ہجومی تشدد سے نمٹنے کیلئے ایک نئے قانون کی تدوین کے امکانات کا جائزہ لیا جبکہ ملک بھر میں اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ جہد کار تحسین پونا والا نے اس سلسلہ میں سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس کے بعد حکومت کو عدالت نے کئی ہدایات جاری کی ہیں۔ حکومت نے عدالت کی ہدایت کے بعد سکریٹریز کی ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے آج ہجومی تشدد سے نمٹنے مختلف امکانات بشمول نئے قانون کی تیاری کے امکان پر غور کیا ۔ امکان ہے کہ یہ کمیٹی اپنی رپورٹ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی قیادت والے وزارتی گروپ کو پیش کرنے سے قبل اس پر مزید غور و خوض کریگی ۔ اس کمیٹی کو اندرون چار ہفتے اپنی رپورٹ پیش کرنی ہے ۔