ہتھیار چھیننے کے واقعہ کی وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کردی: آئی جی پی کشمیر

سرینگر ، 26اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سوئم پرکاش پانی نے کہا کہ سری نگر کے مضافاتی علاقہ گوری پورہ حیدرپورہ میں پیش آئے ہتھیار چھیننے کے واقعہ کی وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملوثین کو بہت جلد قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سوئم پرکاش نے جمعرات کو یہاں پولیس ہیڈکوارٹرس پر منعقدہ ایک پروگرام کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گوری پورہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔ ملوثین کو بہت جلد قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہتھیار چھیننے کے واقعہ کی وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ملوثین کے بارے میں کچھ کہا جاسکتا ہے ‘۔ انہوں نے کہا :’’آپ نے کل دیکھا ہوگا کہ پانپور میں ہم نے تین لوگوں کو گرفتار کیا۔ ان میں سے ایک کے پاس ہتھیار بھی تھا۔ وہ (گرفتار شدگان) ہتھیار چھیننے کا منشا رکھتے تھے ‘‘۔