نیویارک ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ایک بڑی ریٹیل کمپنی والمارٹ نے ایک مثبت قدم اٹھاتے ہوئے ہتھیار اور گولہ بارود خریدنے کیلئے کم سے کم 21 سال کی عمر کا لزوم متعارف کیا ہے۔ یاد رہیکہ فلوریڈا کے اسکول میں فائرنگ کے دلدوز واقعہ کے بعد ہتھیاروں کی خریداری کیلئے والمارٹ نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ دریں اثناء کمپنی کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ حالیہ دنوں میں کچھ ایسے ناخوشگوار واقعات رونما ہوتے ہیں جن کے بعد یہ فیصلہ کرنا ناگزیر ہوگیا تھا۔ اب ہتھیار کی خریداری کرنے والے 21 سال سے کم عمر لوگوں کو ہتھیار فروخت نہیں کئے جائیں گے اور اس کا اطلاق عاجلانہ طور پر کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں کمپنی کی ویب سائیٹ سے بھی ایسے ہتھیاروں کے ڈسپلے کو بند کردیا جائے گا جو اسالٹ رائفل سے مشابہت رکھتے ہیں جن میں کھلونا رائفلس بھی شامل ہیں۔ البتہ اسپورٹس سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں اور شکاریوں کو ہتھیار فروخت کئے جائیں گے لیکن اس کیلئے بھی کمپنی انتہائی ذمہ دارانہ طور پر یہ کام کرے گی۔ والمارٹ نے یہ بھی بتایا کہ AR-15 بندوق کی فروخت 2015ء میں ہی بند کردی گئی تھی۔ اسی نوعیت کی بندوق 19 سالہ طالب علم کو لاس کروز نے پارک لینڈ، فلوریڈا کے اسکول میں استعمال کی تھی جس میں کئی طلباء ہلاک ہوگئے تھے۔ یاد رہیکہ اس نوعیت کے خونریز واقعات کے بعد امریکہ کی بندوق صنعت کو شدید خسارہ کا سامنا ہے۔