لدھیانہ ؍ نئی دہلی ۔ 3 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان سردار سنگھ کے خلاف ان کی منگیتر اشپال بھوگل نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں شکایت درج کرا دی اور اس مسئلہ کی تحقیقات کیلئے آج ایس آئی ٹی کی تشکیل دیدی گئی ۔ اشپال کے مطابق سردار سنگھ نے ان سے شادی کے جھوٹے وعدے کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سردار سنگھ اور اشپال بھوگل کی ملاقات 2012ء میں لندن اولمپکس کے د وران ہوئی تھی اور دونوں نے 2014ء میں منگنی کرلی۔ اشپال انگلینڈ کی انڈر 19 ہاکی ٹیم کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ اخبار انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کی 21 سالہ خاتون ہاکی کھلاڑی اشپال نے سردار سنگھ کے خلاف ’’ذہنی، جسمانی اور جذباتی طورپر ہراساں‘‘ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے لدھیانہ پولیس کے پاس شکایت درج کرادی۔ لدھیانہ پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں تحریری شکایت موصول ہوئی، جس پر تفتیش کا آغاز کردیا گیا،
تاہم ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ پولیس کے پاس درج شکایت میں اشپال کا کہنا ہے کہ ’’سردار سنگھ سے ان کی ملاقات لندن اولمپکس کے دوران ہوئی جو بعد میں منگنی کے رشتے میں تبدیل ہوئی اور 2015 ء میں سردارسنگھ نے حمل ضائع کرنے کیلئے ان پر دباؤ ڈالا جو میرے لئے مشکل فیصلہ تھا‘‘۔ برطانوی خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ سردار سنگھ نے اس واقع کے بعد اُن سے شادی کرنے سے انکار کردیا۔ واضح رہے کہ یہ معاملہ سردار سنگھ کے ہاکی کیریئر پر منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے ۔اشپال نے اپنی شکایت میں تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 2012 ء کی ملاقات کے بعد سردار سنگھ کے ساتھ اُن کا جسمانی رشتہ قائم ہوا ۔ انھوں نے بتایا کہ ہندوستانی ہاکی کپتان اُن کو بھائنی صاحب گردوارہ بھی لے گئے تھے جو یہاں نامدھاری فرقہ کا ہیڈکوارٹر ہے ، جہاں اُنھوں نے اُن سے شادی کا وعدہ کیا ، لیکن بعد میں مکر گئے ۔ دریں اثناء لدھیان پولیس کمشنر پرم راج سنگھ نے آج خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے انکوائری کا آغاز کردیا۔ ایس آئی ٹی ٹیم میں اڈیشنل ڈی سی پی ، اے سی پی اور ایس ایچ او شامل ہیں ۔ انھیں فی الفور انکوائری شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
سردار سنگھ کا تردیدی بیان
اس دوران انڈین ہاکی کیپٹن سردار سنگھ نے اپنے خلاف اشپال بھوگل کی پولیس میں درج کرائی گئی شکایت اور اُن کے الزامات کی پرزور تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اُنھیں جانتے ضرور ہیں لیکن یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ اُنھوں نے اُن کا کسی بھی انداز میں استحصال کیا ہے ۔ موجودہ طورپر میری توجہ جاریہ ہاکی انڈیا لیگ پر مرکوز ہے ۔ گزشتہ شب کے میچ کے بعد مجھے ان الزامات کے تعلق سے معلوم ہوا ۔ آنے والے روز ایک اور میچ ہے جبکہ یہ نہایت سنگین الزام لگایا گیا ہے ۔ میں اس کا جائزہ لوں گا اور میرے وکیل سے مشورہ کروں گا ۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اُن کے کیرئیر کو برباد کرنے کی یہ کوئی سازش معلوم ہوتی ہے ۔ اس خاتون کے الزامات بے بنیاد ہیں اور کوئی سچائی نہیں ۔