ہاکرس کے خلاف کارروائی پر احتجاج

حیدرآباد۔30ڈسمبر(سیاست نیوز)پرانی حویلی میں فٹ پاتھ پر غیر مجاز قبضوں کے نام پرکاروبار کرنے والے ہاکرس کو بے روزگار بنانے کا نیشنل ہاکرس فیڈریشن کے ریاستی صدر میر عنایت علی باقری نے الزام عائدکیا۔ محکمہ بلدیہ کی انہدامی کاروائیوں کے خلاف احتجاج کے دوران انہوں نے کہاکہ جی ایچ ایم سی کمشنر اپنے عامرانہ رویہ کے ذریعہ ریاستی حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی کمشنر پر سپریم کورٹ کے احکامات اور پارلیمنٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کا الزام بھی عائد کیا اور کہاکہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود بلدی عملہ فٹ پاتھ کے ذریعہ اپنے معاش تلاش کرنے والے غریب ہاکرس کو بے روزگار بنانے کاکام کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ٹائون کمیٹیوں کی تشکیل کے بعد ہاکرس کی متبادل مقام فراہم کرنے کے فیصلے کے باوجود ہائی کورٹ کو گمراہ کرکے فٹ پاتھوں پر کاروبار کرنے والے ہاکرس کو بے روزگار بنانے کی منصوبہ بند سازش کی گئی ہے۔ انہوں نے پرانے شہر میںہاکرس پر ہونے والے بلدی عملے کی زیادتیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کا بھی انتباہ دیا۔ انہوں نے ریاست کے تمام ہاکرس کے ہمراہ چیف منسٹر تلنگانہ ریاست سے ملاقا ت کرنے اور ہاکرس کے ساتھ ہونے والے مظالم پر نمائندگی کرنے کا بھی اعلان کیا۔