ہاوزنگ اسکیم ‘ جی ایچ ایم سی کو وزیر اعظم کا ایوارڈ

حیدرآباد 24 اپریل ( سیاست نیوز ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کو عوامی نظم و نسق ( ہاوزنگ اسکیم ) میں مہارت پر وزیر اعظم سے ایوارڈ حاصل ہوا ہے ۔ یہ ایوارڈ وزیر اعظم نریندرمودی نے کمشنر جی ایچ ایم سی بی جناردھن ریڈی کو نئی دہلی وگیان بھون میںمنعقدہ ایک تقریب میںحوالے کیا ۔ سوچھ بھارت مشن کے طور پر کمشنر بلدیہ نے وزیر اعظم کا سوچھ نمسکار کے ذریعہ استقبال کیا جس کا انہوں نے بھی ایسا ہی جواب دیا ۔ جاریہ سال پردھان منتری اقتصادی بیما یوجنا ‘ ڈیجیٹل ادائیگیوں کی حوصلہ افزائی ‘ پردھان منتری آواس یوجنا ( شہری و دیہی ) اور دین دیال اپادھیائے گرامین کلیان یوجنا کا انتخاب کیا گیا تھا ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ہاوزنگ اسکیم کے شعبہ میں مثالی اور نمایاں خدمات پر یہ ایوارڈ حاصل ہوا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کا یہ ترجیحی پروگرام ہے ۔ اس ایوارڈ کیلئے جملہ 2010 نامزدگیاں موصول ہوئی تھیں جن میں جی ایچ ایم سی کو ایوارڈ حاصل ہوا ۔