نیویارک۔ 6؍جولائی (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہاورڈ یونیورسٹی کے احاطہ میں قائم کئی عمارتوں کا تخلیہ کروادیا گیا اور ان کی تفصیل سے تلاشی لی گئی، کیونکہ ایک نامعلوم شخص نے یونیورسٹی پولیس کو ٹیلی فون پر اطلاع دی تھی کہ اس نے احاطہ میں بم نصب کئے ہے۔ بعد ازاں پولیس نے اعلان کیا کہ احاطہ میں کوئی بم موجود نہیں ہے۔ ہاورڈ یونیورسٹی کی پولیس کے ترجمان اسٹیون کیٹالانو نے کہا کہ یونیورسٹی کے احاطہ کی تمام عمارات محفوظ ہیں۔ کسی بھی خطرے کا کوئی ٹھوس ثبوت دستیاب نہیں ہوا۔
پولینڈ میں طیارہ حادثہ، 11 افراد ہلاک
وارسا۔ 6؍جولائی (سیاست ڈاٹ کام)۔ جنوبی پولینڈ میں پیراشوٹ کلب کے ایک طیارہ کو حادثہ پیش آیا جس سے 11 افراد ہلاک ہوگئے اور ایک شخص شدید زخمی ہوا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے بموجب ہلکے طیارہ میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے۔ 12 مسافروں میں سے صرف ایک شخص زندہ بچ سکا جس کی حالت تشویشناک ہے اور وہ ہاسپٹل میں زیر علاج ہے۔ دو اِنجنوں کا ہلکا طیارہ طیرانگاہ روڈنیکی سے روانہ ہوا تھا۔