ہانگ کانگ۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر چین ژی جن پنگ نے ہانگ کانگ پر چین کی اتھاریٹی کے بارے میں اٹھائے جارہے سوالات کے پس منظر میں خبردار کیا کہ یہ حد سے تجاوز ہوگا۔ انہوں نے یہ سخت وارننگ ہانگ کانگ میں چینی اقتدار کے 20 سال پورے ہونے پر منعقدہ تقریب میں کی جو پہلے برطانوی کالونی تھا۔ ژی جن پنگ نے کہا کہ قومی سالمیت اور سکیورٹی کو خطرات سے دوچار کرنے کی کوئی بھی کوشش، مرکزی حکومت اور اتھاریٹی کے اختیارات کو چیلنج اور ہانگ کانگ اسپیشل اڈمنسٹریشن ریجن میں مداخلت کاری یا سبوتاج کرنے والی سرگرمیاں حد سے تجاوز تصور کی جائیں گی اور اس کی بالکلیہ اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ژی جن پنگ 29 جون تک سہ روزہ دورہ پر ہانگ کانگ آئے ہوئے ہیں اور احتجاجیوں کو دور رکھنے کیلئے سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ 2013ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ژی کا یہ پہلا دورۂ ہانگ کانگ ہے۔