لاہور۔ 2؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ ایک پاکستانی شخص نے اپنے 7 ارکان خاندان کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔ اس نے اپنے خودکشی نوٹ میں تحریر کیا ہے کہ اسے یہ تحریک ہالی ووڈ کی ایک فلم سے ملی تھی۔ پولیس نے خودکشی نوٹ فارنسک تجزیہ کے لئے روانہ کردیا ہے جس میں تحریر ہے کہ وہ اپنے ارکان خاندان کو اس کا احترام نہ کرنے کی سزا دینا چاہتا تھا اور اسے اپنے منصوبہ پر عمل آوری کی تحریک ہالی ووڈ کی ایک فلم سے ملی تھی جس میں ایک شخص اپنے ارکان خاندان کو ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کرلیتا ہے۔ لاہور میں قیام پذیر نذیر احمد نے اپنے 8 ارکان خاندان بشمول 2 بھائیوں اور 2 بھاوجوں کے علاوہ 3 بچوں کو گزشتہ ہفتہ جوہر ٹاؤن کے ایک مکان میں قتل کرکے خودکشی کرلی تھی۔ پولیس کو خودکشی نوٹ نذیر احمد کے پاس سے دستیاب ہوا۔ اس کی نعش پر زخموں کے کوئی نشان نہیں تھے۔ فارنسک ماہرین نے توثیق کی ہے کہ تحریر پر احمد کی ہی انگلیوں کے نشانات ہیں۔ یہی انگلیوں کے نشانات گولیوں کے پتوں پر بھی پائے گئے جو گہری نیند سلانے کے لئے ارکان خاندان کو کھلائی گئی تھیں۔ حالات کے بموجب احمد نے انھیں گولیاں کھلاکر ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کرلی تھی۔