ہالینڈ کی کابینہ نے حجاب پر پابندی لگائی!

ایمسٹرڈیم۔23 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہالینڈ کی کابینہ نے عوامی مقامات پر حجاب پہننے پر پابندی عائد کردی ہے اوربل حتمی منظوری کیلئے پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ڈچ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ قانون کا مقصد کسی مذہب سے امتیازی سلوک نہیں ہے۔ مجوزہ بل کے مطابق حجاب کا اطلاق اسکولوں، پبلک ٹرانسپورٹ، اسپتالوں اور سرکاری دفاتر میں بھی ہوگا۔ مجوزہ قانون کے مطابق اسکینگ کیلئے پہنے جانے والے ماسک اور ہیلمٹ بھی اس پابندی کے زمرے میں آئیں گے۔ دارالحکومت ہیگ میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم مارک روٹ نے کہا کہ پابندی کا مقصد کسی مذہب سے امتیازی سلوک نہیں۔ ہالینڈ میں ہر کسی کو اپنی مرضی کا لباس پہننے کی اجازت ہے، یہ پابندی صرف اس صورتحال تک محدود ہوگی، جب لوگوں کا ایک دوسرے کو دیکھنا ضروری ہو۔ خیال رہے کہ یورپ میں نقاب پر پابندی کا معاملہ نیا نہیں اور فرانس نے سنہ 2010 سے پورے چہرے کے نقاب پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔یورپ کی عدالت برائے انسانی حقوق نے گذشتہ برس فرانس کی جانب سے لگائی جانے والی اس پابندی کی توثیق کی تھی۔ فرانسیسی قانون کے مطابق ملک میں کوئی بھی خاتون عوامی مقامات پر ایسا لباس نہیں پہن سکتی جس کا مقصد چہرے کو چھپانا ہو۔اس قانون کی خلاف ورزی پر آپ کو 150 یورو کا جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔