ہالینڈ کی حکومت نے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے سے خود کو الگ کرلیا

دی ہیگ۔ 25 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہالینڈ کے وزیر اعظم نے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے سے اپنی حکومت کو الگ کر لیا۔جون میں ہالینڈ کی اسلام مخالف جماعت فریڈم پارٹی آف ڈچ کے متنازع رہنما گیرٹ ولڈرز نے پارلیمنٹ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کروانے کا قبیح اعلان کیا تھا۔ وزیر اعظم مارک روٹے نے کہا کہ ’’گیرٹ ولڈرز حکومت کے رکن نہیں اور نہ ہی یہ مقابلہ حکومت کا فیصلہ ہے ، گیرٹ ولڈرز کا مقصد اسلام سے متعلق بحث کا آغاز نہیں بلکہ جذبات کو بھڑکانا ہے‘‘۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہالینڈ میں لوگوں کو آزادی اظہار کی دیگر ممالک سے کئی گنا زیادہ آزادی ہے اور ولڈرز بھی ایسا کرنے کے لیے آزاد ہیں۔

ایران کیلئے یورپی یونین کی امداد
ایک ’’غلط پیغام‘‘ ہے: واشنگٹن
واشنگٹن۔ 25 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک امریکی سینئر نے کہاکہ یورپی یونین کی جانب سے ایران کیلئے 2 کروڑ 7 لاکھ ڈالر مالیت کی ترقیاتی امداد پیش کرنے کا فیصلہ ’’غلط وقت پر غلط پیغام‘‘ دے رہا ہے۔انہوں نے برسلز پر زور دیا کہ وہ عالمی امن کو درپیش ایران کی دھمکیوں کے خاتمے کیلئے واشنگٹن کے ساتھ تعاون کرے۔ ایران کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے برائن ہوک نے کہا کہ یورپی ٹیکس دہندگان کی جانب سے بیرونی امداد (ایرانی) حکمراں نظام کے رجحان کو مضبوط بنائیگی کہ وہ اپنے عوام کی ضروریات کو نظرانداز کرے اور تمام یورپی ممالک میں ہلاکتوں کی کارروائیوں کے واسطے مزید رقم خرچ کرے ۔