نئی دہلی، یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آل انڈیا تنظیم علمائے کے قومی صدر اور عالم دین مولانا اعجاز عرفی قاسمی نے ملیانہ کے معاملے میں ہائی کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ یہ انصاف اس وقت ہوا ہے جب اس کی اہمیت ختم ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عدالت کا ہی اصول ہے کہ دیرسے انصاف ناانصافی کے زمرے میںآتا ہے تو پھر ملیانہ کو انصاف کیسے کہا جاسکتا ہے اس معاملے میں تمام انصاف پسند اور جن کو بھی انسانیت میں ذرا بھی یقین ہے ، غور کریں اس معاملے میں کیا ہوا ہے ۔ انہوں نے عدالت کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ یقیناًعدالت نے اچھا کام کیا ہے اور دیر سے سہی لیکن مجرموں کو سزا دی گئی ہے لیکن سوچنے کی بات یہ ہے کہ یہ سزا مجرموں کے لئے کتنی کارگر ہوگی۔مولانا عرفی قاسمی نے کہا کہ اس عرصے میں ہاشم پورہ ملیانہ کے متاثرین پر کیا گزری کسی نے خبر لینے کی کوشش نہیں کی۔ ان کی زندگی تباہ ہوگئی،ان کا خاندان تباہ ہوگیا۔ انہوں نے الزا م لگایا کہ اترپردیش حکومت کا رویہ شروع سے ہی ٹال مٹول کا رہا ہے ۔