ہاسپٹل سنگ بنیاد تقریب میں ٹی آر ایس۔ بی جے پی کارکنوں میں ٹکراؤ

حیدرآباد 28 نومبر ( آئی این این ) سیتا رام باغ میں آج ای ایس آئی ہاسپٹل کی سنگ بنیاد تقریب کے موقع پر آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب ٹی آر ایس کے کئی کارکنوں نے منتظمین کے خلاف نعرہ بازی کی اور کہا کہ اس تقریب میں ٹی آر ایس قائدین کو مدعو نہیں کیا گیا ۔ تقریب کے اختتام کے فوری بعد ٹی آر ایس ورکرس نے ایم پرکاش کی قیادت میں مرکزی وزیر دتا تریہ کے گھیراؤ کی کوشش کی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے اس تقریب کو پارٹی تقریب میں بدل دیا تھا ۔ اس موقع پر جئے تلنگانہ اور کے سی آر زندہ باد کے نعرے لگائے گئے ۔ انہوںنے منتظمین پر تنقید کی کہ بی جے پی کے سابق ایم ایل اے کو مدعو کیا گیا اور ٹی آر ایس قائدین کو نظر انداز کردیا گیا ۔ کشیدگی میں اسوقت اضافہ ہوگیا جب بی جے پی ورکرس نے جوابی نعرے لگائے ۔