ہاسٹل کی تین لڑکیوں نے زہر کھایا،اسپتال میں شریک

راج گڑھ،16ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)مدھیہ پردیش کے ضلع راج گڑھ کے پچور قصبے میں ایک سرکاری ہاسٹل کی تین لڑکیوں نے وارڈن کی زیادتی سے پریشان ہوکر زہریلی اشیا کھالی جس سے ان کی حالت بگڑ گئی۔انہیں ضلع اسپتال میں داخل کرایاگیا ہے ،وہاں اب ان کی حالت کچھ بہترہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق گرلس ہاسٹل کی باچپی کی رہنے والی جیوتی سوندھیا،بھنڈاوت کی رہنے والی مدھو جائسوال اور سیملی دھاکڑ کی رہنے والی سنیتا ورما نے ہاسٹل کی وارڈن سے پریشان ہوکر زہریلی اشیا کھاکر خودکشی کرنے کی کوشش کی ہے ۔تحصیل دار پچور نے تینوں لڑکیوں کے بیان درج کئے ہیں۔بیان ابھی راز رکھے جارہے ہیں۔تینوں لڑکیاں گرلس اسکول پچور میں آٹھویں جماعت کی طالبہ ہیں۔پولیس معاملے کی جانچ کررہی ہے ۔ادھرکلکٹرنے محکمہ تعلیم سے وابستہ افسران کی ٹیم تشکیل دے کر جانچ کی ہدایت دی ہے ۔