ہاردک پٹیل کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال

احمد آباد،25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں پاٹیدار ریزرویشن تحریک کے لیڈر ہارک پٹیل نے کسانوں کی قرض معافی اور پاٹیدار و پٹیل سماج کو ریزرویشن کے مطالبہ کے سلسلے میں اپنی غیر معینہ مدت کی ہڑتال کیلئے ریاستی حکومت کو جگہ کی منظوری دینے کی درخواست دی تھی،لیکن ریاستی انتظامیہ کی طرف سے کہیں بھی جگہ نہ دیئے جانے پر ہاردک نے اپنے مکان پر ہی بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ہاردک نے ایس جی ہائی وے پر ویشنو دیوی سرکل کے پاس واقع اپنے مکان پر صحافیوں سے کہا کہ حکومت ان کے بھوک ہڑتال کے پروگرام کو روکنے کیلئے ان کے حامیوں کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے اور اب تک ان کے 16 ہزار سے زیادہ کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ ہاردک نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ لمبے وقت تک چلنے والے ان کی اس بھوک ہڑتال کی بھرپور حمایت کریں ۔