ہاردک پٹیل کو 2015ء کے احتجاج پر دو سال کی قید بامشقت

’’بی جے پی کی ہٹلر شاہی مجھے جدوجہد سے نہیں روک سکتی‘‘

احمد آباد ۔ 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں پاٹیدار کوٹہ ایجی ٹیشن کے لیڈر ہاردک پٹیل، ان کے دو ساتھیوں لال جی پٹیل اور اے کے پٹیل کو جولائی 2015ء کے دوران تشدد و آتشزنی کے واقعات میں ملوث ہونے سے متعلق ایک مقدمہ میں وس نگر ٹاؤن کی ایک سیشن عدالت نے فی کس دو سال کی سزائے قید بامشقت دی۔ تاہم اس عدالت نے ان کی ضمانت بھی منظور کرلی۔ اس عدالت نے ان تینوں کے علاوہ دیگر 16 ملزمین کو گڑبڑ، ہنگامہ آرائی، آتشزنی، املاک کو نقصان پہنچانے اور غیرقانونی طور پر جمع ہونے کے الزامات پر جرم کا مرتکب قرار دیا۔ تاہم دیگر 14 ملزمین کو ناکافی ثبوت کی بنیاد پر بری کردیا گیا۔ ہاردک پٹیل نے فیصلے کے اعلان کے فوری بعد ٹوئیٹر پر ہندی زبان میں لکھا کہ ’’حق اور سماجی انصاف کے لئے لڑنا اگر جرم ہے تو پھر میں گناہگار ہوں۔ حق اور انصاف کیلئے لڑنے والے باغی ہوتے ہیں تو میں باغی ہوں۔ بی جے پی کی ہٹلر شاہی مجھے سلاخوں کے پیچھے ڈال کر حق و صداقت، کسانوں، غریبوں اور نوجوانوں کے لئے لڑنے سے روک نہیں سکتی‘‘۔