نئی دہلی ۔ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جو لوگ ہاتھ سے تحریر کئے ہوئے پاسپورٹس رکھتے ہیں انہیں آئندہ سال 24 نومبر کے بعد بین الاقوامی سفر کیلئے ویزے جاری نہیں کئے جائیں گے۔ حکومت نے آج راجیہ سبھا میں اس کی اطلاع دی۔ ایک سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت برائے امورخارجہ وی کے سنگھ نے کہا کہ تقریباً 2.86 لاکھ ہاتھ سے تحریر شدہ پاسپورٹس ملک گیر سطح پر آج کی تاریخ میں موجود ہیں۔ بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم نے 24 نومبر کی قطعی آخری مہلت مقرر کی ہے۔ اس تاریخ کو ایسے تمام پاسپورٹس جو بغیر مشین کی مدد کے جاری کئے گئے ہوں، متروک قرار دیئے جائیں گے چاہے انہیں پڑھنا ممکن ہو۔ وہ ڈی ایم کے رکن پارلیمنٹ کنی موذھی کے سوال کا تحریری جواب دے رہے تھے۔