حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں آج ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ہائیکورٹ کی تقسیم کا عمل جلد مکمل کریں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یہ قرارداد پیش کی۔ کانگریس سمیت دیگر تمام اپوزیشن جماعتوں نے قرارداد کی تائید کی۔ کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے قرار داد میں بعض ترمیمات کی سفارش کی گئی۔ قائد اپوزیشن جانا ریڈی نے تجویز پیش کی کہ تلنگانہ ہائیکورٹ کے قیام کیلئے حیدرآباد میں تمام سہولتوں کی فراہمی کے تیقن کو قرارداد میں شامل کیا جائے۔ چیف منسٹر نے اس تجویز سے اتفاق کیا۔ بی جے پی کے رکن کشن ریڈی نے بھی قرارداد میں بعض ترمیمات کی سفارش کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ ان ترمیمات کو قرارداد میں شامل کرتے ہوئے مرکز کو روانہ کریں گے۔ بائیں بازو کی جماعتوں نے بھی اس قرارداد کی تائید کی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں وکلاء برادری کی جانب سے ہائیکورٹ کی تقسیم کا مطالبہ کرتے ہوئے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔