سرینگر، 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے زمینی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وادی کشمیر میں مظاہرین کی بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لئے پیلیٹ گن کے استعمال پر پابندی لگانے اور اس کے استعمال کی منظوری دینے والے حکام پر مقدمہ چلانے کے لئے دائر کی گئی درخواست کو مسترد کر دیا۔ جسٹس این پال وسنت کمار اور جسٹس علی محمد ماگرے پر مشتمل بنچ نے مظاہرین کی بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لئے پیلیٹ گن کے استعمال پر روک لگانے کا مطالبہ کرنے کے سلسلے میں دائر کی گئی کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی درخواست کو کل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ نے پیلیٹ گن کے استعمال کے مسئلے پر پہلے ہی ماہر ین کی ایک کمیٹی قائم کر دی ہے ۔عدالت نے ساتھ ہی مظاہرین پر پیلٹ گن چلانے والوں اور اس کی اجازت دینے والے حکام پر مقدمہ چلانے سے بھی انکار کر دیا۔