ہائی کمشنر پاکستان کی سید علی شاہ گیلانی سے ملاقات

نئی دہلی 9 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) معتمد خارجہ جئے شنکر کے دورہ پاکستان کے چند دن بعد پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے آج نئی دہلی میں حریت کانفنرس کے لیڈر سید علی شاہ گیلانی سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات کو اشتعال انگیزی کی ایک اور کوشش سمجھا جارہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ سید علی شاہ گیلانی کی دہلی کی قیامگاہ پر دونوں کی نصف گھنٹے کی ملاقات ہوئی اور اس موقع پر سمجھا جارہا ہے کہ معتمد خارجہ کے دورہ پاکستان کے علاوہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا ہے جہاں علیحدگی پسند لیڈر مسرت عالم کی رہائی سے ایک تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔ ہندوستان نے گذشتہ سال اگسٹ میں علیحدگی پسند قائدین سے ہائی کمشنر پاکستان کی ملاقات کے بعد معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت کو منسوخ کردیا تھا ۔ معتمد خارجہ ایس جئے شنکر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی ایما پر سارک یاترا کے حصے کے طور پر پاکستان کا بھی دورہ کیا تھا ۔ سمجھا جا رہا تھا کہ یہ دورہ دونوں ملکوں کے مابین کئی ماہ کی سرد مہری کے بعد بات چیت کا احیاء ہوسکتا ہے ۔ جئے شنکر اور ان کے پاکستانی ہم منصب اعزاز احمد چودھری نے دونوں ملکوں کے مابین تعطل کا شکار بات چیت کے احیاء کے امکانات کا جائزہ لیا تھا ۔ جئے شنکر نے اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر وزیر اعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کرکے نریندر مودی کا ایک مکتوب ان کے حوالے کیا تھا ۔ گیلانی نے بتایا کہ پاکستانی ہائی کمشنر نے جئے شنکر کے دورہ پر بات چیت کی ہے ۔ میں ( گیلانی ) نے ریاستی مسائل سے واقف کروادیا ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ اگر مسئلہ کشمیر کو حل کیا جاتا ہے تو تمام مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔