حیدرآباد ۔ 3 نومبر (سیاست نیوز) اگر آپ ہائی ٹیک سٹی میں ملازم ہیں اور حمل و نقل کی پریشانی کے ساتھ ٹریفک میں پھنس جانے کا خدشہ رہتا ہے تو آپ کیلئے خوشخبری ہیکہ ایک نہیں بلکہ تین ذرائع آپ کو ہائی ٹیک سٹی تک پہنچانے کیلئے اپنی خدمات بہتر بنانے کے قدم اٹھا چکے ہیں جیسا کہ حیدرآباد میٹرو ریل، ایم ایم ٹی ایس اور آر ٹی سی بسوں کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان ایجنسیوں کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات سے ہائی ٹیک سٹی تک عوام کیلئے سفر کو آسان بنانے کے اقدامات شروع کئے جاچکے ہیں۔ ٹی ایس آر ٹی سی کی جانب سے تین برقی بسیں متعارف کی جاچکی ہیں جبکہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے ایم ایم ٹی ایس کی مزید تین ریل گاڑیوں کا اضافہ کردیا ہے جبکہ حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے امیرپیٹ تا ہائی ٹیک سٹی خدمات کا عنقریب آغاز ہونے والا ہے۔ فی الحال ہائی ٹیک سٹی تک روزانہ ایم ایم ٹی ایس کے 108 ٹرپ لگائے جارہے ہیں جبکہ ہائی ٹیک سٹی کا اسٹیشن روزانہ 60 ہزار مسافرین کا ثبوت پیش کرتا ہے۔ علاوہ ازیں ہائی ٹیک سٹی کی سمت جانے والی ہر ایم ایم ٹی ایس ہمیشہ ہجوم رہتا ہے۔ علاوہ ازیں شہر کے مختلف مقامات سے ہائی ٹیک سٹی تک آر ٹی سی کی 210 بسیں چلائی جاتی ہیں اور اب ان میں اضافہ کا اعلان کیا گیا ہے۔ سب سے پہلے حیدرآباد میٹرو ریل نے ہائی ٹیک سٹی ملازمین کے سفر کو آسان کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور سب سے پہلے ریلوں کی آمدورفت کے درمیان کے اوقات میں کمی کرتے ہوئے ہر چند منٹ بعد ریل کی آمد کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے میٹرو ریل نے اس امید کا بھی اظہار کیا ہیکہ امیرپیٹ تا ہائی ٹیک سٹی کی خدمات بھی چند ایک مہینے میں شروع ہوجائے گی۔ دوسری جانب پہلے ہی سے مقبول عوامی حمل و نقل کا ذریعہ ایم ایم ٹی ایس نے بھی چند تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نے روزانہ اپنے 108 ٹرپس میں مزید اضافہ کرنے کے علاوہ ٹرینوں میں بوگیوں کی تعداد میں 3 ڈبے بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے بموجب ایم ایم ٹی ایس کی ٹرین فی الحال 9 ڈبوں کی ہیں لیکن عنقریب انہیں 12 ڈبوں کی ٹرینوں میں تبدیل کردیا جائے گا۔ تیسری سہولت بسوں کی ہے جس میں اب برقی بسوں کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ آر ٹی سی عہدیداروں کے بموجب سکندرآباد، اپل، امیرپیٹ اور دلسکھ نگر وہ جنکشن ہیں جہاں سے سینکڑوں کی تعداد میں ملازمین ہائی ٹیک سٹی اور گچی باؤلی کا رخ کرتی ہے جن کیلئے 210 بس چلائی جاتی ہیں۔