ہائی ٹیک سٹی تا سائیڈ تھری تک سڑک کی توسیع

اراضی متاثرین میں معاوضہ کی ادائیگی کی تیاری ، پی منی ہریکا
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ ( آصف احمد ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سنٹرل زون سرکل نمبر 19 کی ٹاؤن پلاننگ سیکشن آفیسر شریمتی پی منی ہریکا نے اسٹاف رپورٹر سیاست سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بورا بنڈہ بس اسٹاپ سے ہائی ٹیک ہوٹل سائیڈ IIIتک بہت جلد 60 فیٹ سڑک کی توسیع کی جائیگی ۔ موجودہ سڑک میں یکسانیت کے لیے اس سڑک کی توسیع کرتے ہوئے 60 فیٹ کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ونائیک راو نگر ، راج نگر ، ایس آر ٹی نگر ، بنجارہ نگر ، سوراج نگر ،برائے ابو بھائی گوشت کی دکان پیلی درگاہ ، گورنمنٹ ہاسپٹل ، ویلفیر آفس ، سے ہائی ٹیک ہوٹل سائیڈ III تک توسیع کی جائیگی ۔شریمتی ہریکا نے بتایا کہ سڑک کی توسیع میں جملہ 218 مکان مالکین زد میں آرہے ہیں جن میں 40 مکان مالکین کے چیک بھی تیار ہوچکے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپریل کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں چیکس کی تقسیم کے ساتھ ہی سڑک کا کام شروع کیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ بورا بنڈہ سے ہائی ٹیک سٹی مادھا پور ، کونڈہ پور ، گچی باؤلی کی سمت جانے والی ٹریفک زیادہ تر بورا بنڈہ سے گذرنے سے یہاں ہر وقت ٹریفک کے مسائل پیدا ہوگئے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ معاوضہ کے چیکس کی رقم طے کرنا ایم آر او کی ذمہ داری ہوگی ۔جی ایچ ایم سی صرف سڑک کی تعمیر اور توسیع کے کام انجام دیتی ہے ۔ شریمتی ہریکا نے کہا کہ ڈپٹی میونسپل کمشنر اور انٹر سٹی ٹاون پلاننگ آفیسر اور اسٹاف اس کام میں مصروف ہیں ۔ اعلی عہدیداروں کی ہدایت پر بہت جلد سڑک توسیع کی جائیگی ۔