مرکز کی جانب سے تمام ریاستوں کو مکتوب ، احکام پر عمل آوری یقینی بنانے کی ہدایت
حیدرآباد۔/23جنوری، ( سیاست نیوز ) قومی شاہراہوں پر موجود تمام پٹرول پمپس پر بیت الخلاء اور پینے کے پانی کی سہولت فراہم کی جائے۔ شاہراہوں و سڑکوں کے اُمور کی نگران وزارت کی جانب سے تمام ریاستوں کو روانہ کردہ مکتوب میں اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ریاستوں میں موجود تمام پٹرول پمپس پر مرد و خواتین کیلئے علحدہ بیت الخلاء کے علاوہ پینے کے پانی کی موثر سہولت کے انتظامات کو یقینی بنائیں اور مالکین کو اندرون تین ماہ ان سہولتوں کی فراہمی کا پابند کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ شاہراہوں پر بیت الخلاؤں کی عدم موجودگی کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام پٹرول پمپس پر بیت الخلاء کی سہولت فراہم کی جائے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک کی بیشتر شاہراہوں پر موجود پٹرول پمپس پر بیت الخلاء کی سہولت کے باوجود انہیں مقفل رکھے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں اور صارفین کو استفادہ سے روکا جارہا ہے، اسی لئے ریاستی حکومتوں کو چاہیئے کہ وہ فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے شاہراہوں پر موجود پٹرول پمپ مالکین کو اس بات کا پابند بنائیں کہ وہ صارفین کے علاوہ سڑک کا استعمال کرنے والوں کو بیت الخلاء کی سہولت فراہم کریں۔ مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں نے بتایا کہ ملک میں موجود تمام پٹرول پمپس پر اندرون تین ماہ صاف اور قابل استعمال بیت الخلاء کی تعمیر کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرنے کا مقصد عوام کو بنیادی سہولتوں کی ہر جگہ فراہمی یقینی بنانا ہے اور بیت الخلاء کی سہولت کی فراہمی کے سلسلہ میں جاری کردہ رہنمایانہ خطوط میں اس بات کی بھی صراحت کی گئی ہے کہ ان بیت الخلاؤں میں برقی، صفائی اور پانی کے موثر انتظامات کئے جائیں۔ اس کے علاوہ ان بیت الخلاؤں کو 24 گھنٹے عوام کے استعمال کیلئے کھلا رکھا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ 2013 میں بھی وزارت کی جانب سے اس سلسلہ میں احکامات کی اجرائی عمل میں لائی گئی تھی اور تاکید کی گئی تھی کہ تمام پٹرول پمپ مالکین ان پر عمل کریں لیکن یہ دیکھا جارہا ہے کہ بیشتر ریاستوں میں ان احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے پٹرول پمپ مالکین کی جانب سے من مانی کی جارہی ہے جو کہ قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ قومی شاہراہوں پر موجود پٹرول پمپس کے ساتھ بیت الخلاء، ریستوران، حمام کے علاوہ دیگر سہولتوں کی فراہمی کی اجازت دینے کے باوجود شاہراہوں پر عوام کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اسی لئے وزارت ٹرانسپورٹ نے ایک مرتبہ پھر سے ہدایات جاری کرتے ہوئے ریاستوں کی اس بات کی ذمہ داری تفویض کی ہے کہ وہ ان رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔