ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹ کا منصوبہ ہنوز برف دان کی نذر

سپریم کورٹ میں مقدمہ زیر دوراں ، منصوبہ پر عدم عمل آوری کا اہم وجہ،فیانسی نمبرات کی گاڑیاں خطرہ کی گھنٹی؟

حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون ( سیاست نیوز)ان تمام گاڑیوں کے لیے ہائی سیکوریٹی کے حامل نمبر پلیٹس نصب کرنا ضروری قرار دیا گیا تھا جن کا 2013 کے بعد رجسٹریشن ہوا ہو لیکن ارباب مجاز کی جانب سے سخت اقدامات نہ کئے جانے کی وجہ سے ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹس کا چلن اپنے مقاصد حاصل نہیں کرپا رہا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب رواں برس جنوری میں 4,249 مقدمات درست نمبر پلیٹس استعمال نہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف درج کئے گئے جب کہ ماہ مئی میں 5657 گاڑیاں ضبط کی گئی ۔ ٹرافک پولیس کی جانب سے بھی اس وقت ان گاڑیوں کے خلاف کوئی چالان جاری نہیں کیا جارہا ہے ۔ جن کے نمبر پلیٹس قواعد کے برابر نہ ہوں کیوں کہ اس ضمن میں ایک مقدمہ سپریم کورٹ میں زیر دوراں ہے ۔ حالانکہ کے حکومت کو وقت کی حد مقرر کی گئی تھی کہ قدیم نمبر پلیٹس کو نئے اور ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹس کے ساتھ تبدیل کردیں لیکن اس کے باوجود آر ٹی اے اور دیگر متعلقہ شعبہ بھی اس کے تعلق سے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کررہا ہے ۔ دوسری جانب جاذب نظر اور خوبصورت طرز کے نمبر پلیٹ کا کاروبار اپنے عروج پر ہے کیوں کہ شوقین افراد اپنی گاڑیوں کے لیے انوکھے اور منفرد نمبر پلیٹ بنانے میں ایک دوسرے پر سبقت لیجانے میں کوئی کثر نہیں چھوڑ رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں رنگ روڈ کے سید وقار الدین نے میڈیا نمائندے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آر ٹی او سستے طرز کے نمبر پلیٹ فراہم کرتے ہوئے نمبر پلیٹس والوں کا کاروبار متاثر کررہے ہیں اور کئی گاہک ٹوٹے نمبر پلیٹس کے ساتھ ان کے پاس پہنچتے ہیں ۔ دریں اثناء مانصاحب ٹینک پرریڈیم اور نمبر پلیٹ کا کام کرنے والے محمد عبدالرشید نے کہا کہ آج کی مصروف ترین زندگی میں گاہک جلد بازی میں دکھائی دیتا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ جلد از جلد اور سستا نمبر پلیٹ اس کی گاڑی کو نصب کردیا جائے جب کہ حکومت کی جانب سے ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹ کو تیار کرنے ایک ہفتے کا وقت درکار ہوتا ہے کیوں کہ اس میں کئی ایک امور کا خاص خیال رکھا جانا ضروری ہے ۔ انہوں نے ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹ پر درج کئے جانے والے چند مخصوص کوڈس اور ان کی تیاری کی طرف اشارہ کیا۔