کولکتہ ؍ کوچ بہار ۔ 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کلکتہ ہائیکورٹ نے آج بی جے پی کو رتھ یاترا نکالنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ یہ رتھ یاترا کوچ بہار میں نکالی جانی تھی اور پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ اسے جھنڈی دکھا کر روانہ کرنے والے تھے۔ مغربی بنگال حکومت نے قبل ازیں اس رتھ یاترا کے نکالنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا جس کے خلاف بی جے پی نے عدالت میں درخواست دی تھی۔ ہائیکورٹ کی جانب سے بی جے پی کے اجازت دینے سے انکار پر پارٹی نے اس فیصلہ کے خلاف اعلیٰ تر عدالت میں اجازت کی اپیل کی ہے اور پارٹی نے اعلان کیا ہیکہ وہ اعلیٰ تر عدالت کے قطعی فیصلہ کا انتظار کرے گی۔ بھگوا پارٹی کی جانب سے مغربی بنگال میں تین یک رتھ یاترائیں نکالی جانے والی تھیں اور یہ تمام 42 انتخابی حلقوں سے گذرنے والی تھی۔ بی جے پی نے کہا کہ ان کا اختتام 16 جنوری کو کولکتہ میں ہونے والا تھا لیکن عدالت نے اس کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔