’چلوراج بھون‘ احتجاجی جلوس کی قیادت پر عدالت کی برہمی
حیدرآباد ۔ 27جون ( این ایس ایس ) آندھراپردیش اور تلنگانہ میں افسران عدلیہ کی تقسیم کے خلاف اتوار کو ’’ چلو راج بھون ‘‘ احتجاجی جلوس کی قیادت کرنے والے دو ججوں کو حیدرآباد ہائیکورٹ نے معطل کردیا ہے ۔ عدالت عالیہ نے آج جاری کردہ احکام میں تلنگانہ جوڈیشیل آفیسرس اسوسی ایشن کے صدر اور حیدرآباد کے ایڈیشنل میٹروپولیٹن جج کے رویندر ریڈی کے علاوہ اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری وی پرساد راؤ کی معطلی کا اعلان کیا ۔ تلنگانہ کے ججس دو ریاستوں میں عدالتی عہدیداروں کو مختص کرنے سے متعلق عبوری فہرست کے خلاف احتجاج کررہے ہیں ۔ اس دوران تلنگانہ کے ججوں نے اپنے دو ساتھیوں کی معطلی کے خلاف احتجاج شروع کردیا ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تلنگانہ کے ججوں نے عدالتی عہدیداروں کی تقسیم سے متعلق عبوری فہرست کے خلاف اجتماعی استعفے دینے کی دھمکی بھی دی ہے ۔