ہائیکورٹ جج کا مواخذہ ‘ ارکان کے نام کے افشا سے انکار

نئی دہلی 19 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی انفارمیشن کمیشن نے کہا ہے کہ راجیہ سبھا کے جن ارکان نے ایک ہائیکورٹ جج کے خلاف مواخذہ کی تحریک پیش کی تھی ان کے ناموں کا افشا نہیں کیا جاسکتا ۔ جن ارکان نے اس تحریک سے دستبرداری اختیار کرلی تھی ان کے نام بھی نہیں بتائے جاسکتے ۔ چیف انفارمیشن کمشنر سدھیر بھاگو نے ایس ملیشورا راو کی درخواست پر یہ رولنگ کی دہے ۔ ملیشور راو نے اپنی درخواست میں راجیہ سبھا سیکریٹریٹ سے سوال کیا تھا کہ ان ارکان پارلیمنٹ کے نام اور تعداد بتائی جائے جنہوں نے ہائیکورٹ جج کے مواخذہ کی تحریک پر دستخط کئے تھے ۔ علاوہ ازیں ان ارکان پارلیمنٹ کی تعداد اور نام بھی بتائے جائیں جنہوں نے اس تحریک سے بعد میں دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔ یہ تحریک مواخذہ ہائیکورٹ جج جسٹس سی وی ناگرجنا ریڈی کے خلاف پیش کی گئی تھی ۔ وہ حیدرآباد ہائیکورٹ جج کی حیثیت سے گذشتہ سال سبکدوش ہوئے تھے ۔ راجیہ سبھا سیکریٹریٹ نے پارلیمانی مراعات قانون کا حوالہ دیتے ہوئے ان ارکان کے ناموں کے افشا سے گریز کیا ہے ۔ بھارگو نے کہا کہ جو مروجہ قوانین ہیں ان کے مطابق ان ارکان کے ناموں کا افشاء نہیں کیا جاسکتا ۔