ہاؤنڈس کے 2کمانڈوز بجلی گرنے سے فوت

حیدرآباد۔/28مئی، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کی سرکردہ انسداد ماؤ نواز فورس گرے ہاؤنڈس سے وابستہ دو کمانڈوز ضلع محبوب نگر کے جنگلاتی علاقہ میں گرنے والی بجلی کی زد میں آنے کے سبب ہلاک ہوگئے اور تیسرا زخمی ہوگیا۔ متوفیوں کی شناخت کڑپہ کے ساکن 35سالہ ای سدھاکر اور مغربی گوداوری کے ساکن 32سالہ کے انیل کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ زخمی کمانڈو کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے۔ پولیس نے کہا کہ محبوب نگر میں آمنگل منڈل کے موضع کوناپور میں چار بجے شام یہ واقعہ پیش آیا جب وہ تربیتی مشقوں میں مصروف تھے۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ ’’ تربیتی مشقوں کے ایک حصہ کے طور پر 30 زیر تربیت کمانڈوز اور 15 تربیت دینے والے ماہرین آج دوپہر آمنگل آئے تھے جو تربیت میں حصہ لے رہے تھے کہ تین کمانڈوز وہاں گرنے والی بجلی کی زد میں آگئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا تاہم 2دواخانہ کو منتقلی کے دوران فوت ہوگئے۔‘‘

عثمانیہ یونیورسٹی کے
تمام امتحانات ملتوی
حیدرآباد۔/28مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے پولاورم پراجکٹ میں زیر آب آنے والے ضلع کھمم کے سات منڈلوں کو ریاست آندھرا پردیش میں ضم کرنے مرکزی حکومت کے اقدام کے خلاف 29مئی کو تلنگانہ بند منظم کرنے کے اعلان کو پیش نظر رکھتے ہوئے عثمانیہ یونیورسٹی انتظامیہ نے 29مئی کو منعقد ہونے والے تمام امتحانات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ 29مئی کو پوسٹ گریجویٹ کورسیس میں داخلوں کیلئے منعقد ہونے والے پی جی سیٹ کو بھی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ملتویہ عثمانیہ یونیورسٹی پی جی سیٹ کا 31مئی کو انعقاد عمل میں لانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ عثمانیہ یونیورسٹی پبلک ریلیشنز آفیسر مسٹر انیل کرشنا نے رات دیر گئے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ بند کے پیش نظر امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات کو پیش آنے والی مشکلات کے مدنظر عثمانیہ یونیورسٹی انتظامیہ نے مذکورہ فیصلہ کیا ہے۔