نئی دہلی ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج گیہوں اور تور دال پر فوری اثر کے ساتھ 10 فیصدی درآمدی محصول لاگو کردیا جو اِس سال ریکارڈ فصل کی توقعات کے پس منظر کسانوں کے مفاد کا تحفظ کرنے کی سعی ہے۔ 8 ڈسمبر کو حکومت نے گیہوں پر کسٹمز ڈیوٹی کو گھٹا کر 10 فیصد سے 0 کردیا تھا تاکہ دیسی سطح پر دستیابی کو فروغ ملے اور چلر قیمتوں کو قابو میں رکھا جاسکے۔ تور دال پر کچھ بھی ڈیوٹی نہیں رہی ہے۔ اس فیصلہ کا لوک سبھا میں اعلان کرتے ہوئے مملکتی وزیر فینانس ارجن رام میگھوال نے کہا کہ اعلامیہ مورخہ 17 مارچ 2012ء میں مزید ترمیم لائی گئی ہے تاکہ گیہوں اور تور پر فوری اثر کے ساتھ 10 فیصد بنیادی کسٹمز ڈیوٹی عائد کی جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ اس فیصلہ کے اثر سے حاصل ہونے والی تخمینی آمدنی موجودہ درآمدات کی سطحوں پر تقریباً 840 کروڑ روپئے ہے۔ گیہوں کی نئی فصل مدھیہ پردیش، راجستھان اور گجرات کی منڈیوں میں پہنچنے لگی ہے۔اسی طرح تور دال کی پیداوار کا اسی مدت میں تخمینہ 4.23 ملین میٹرک ٹن ہے جو 2.56 ملین ٹن تھی۔ تور دال گرمائی (خریف) سیزن میں اُگتی ہے۔