ملزم سیاسی قائدین کو بچانے حکومت کوشاں، چاڈا وینکٹ ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 23 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی سی پی آئی سکریٹری مسٹر سی ایچ وینکٹ ریڈی نے ’’گینگسٹر نعیم‘‘ کی حاصل ہوئی ’’ڈائری‘‘ کو عوام کے روبرو پیش کرنے کا حکومت تلنگانہ بالخصوص چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے پرزور مطالبہ کیا اور کہا کہ نعیم گینگ کے متاثرین کی تفصیلات اکھٹا کی جارہی ہیں۔ مسٹر چاڈا وینکٹ ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت پر الزام عائد کیا کہ سیاسی قائدین کے جو نام ڈائری میں شامل ہیں، ان قائدین کو بچانے اور ڈائری میں سے ان ناموں کو نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے تحفظات کی فراہمی کا تدکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دستور ہند کی روشنی میں مذہب کی بنیاد پر کسی کو بھی تحفظات فراہم کرنے کی ہرگز کوئی گنجائش نہیں ہے۔ سکریٹری تلنگانہ ریاستی سی پی آئی نے حکومت تلنگانہ کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس زیرقیادت تلنگانہ حکومت عوامی مسائل کو یکسر نظرانداز کررہی ہے اور انتخابات کے موقع پر تلنگانہ عوام سے کئے ہوئے وعدوں کو اور دیئے گئے تیقنات کو پورا کرنے سے حکومت عملاً گریز کررہی ہے۔ انہوں نے ’’منتوں‘‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری رقومات کے ذریعہ منتوں کی تکمیل سابق میں کبھی نہیں کی گئی۔