گیلانی کی درخواست عدم وصول: رجیجو قومی سلامتی کے مسئلہ پر غور کے بعد پاسپورٹ اجرائی پر فیصلہ ممکن

نئی دہلی ۔ 20 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) مملکتی وزیر داخلہ کرن رجیجو نے کہا ہیکہ کشمیری علحدگی پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی کو پاسپورٹ کی اجرائی کے بارے میں بشمول قومی سلامتی مختلف مسائل کو ملحوظ رکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔ رجیجو نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزارت داخلہ کو ان (گیلانی) کے پاسپورٹ کے بارے میں تاحال کوئی درخواست موصول نہیںہوئی ہے۔ اس کے موصول ہونے کے بعد ہی ہم قومی سلامتی جیسے مختلف مسائل کو ملحوظ رکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کریں گے۔ گیلانی کی دختر سعودی عرب کے شہر جدہ میں علیل ہیں اور وہ اپنی دختر کی عیادت کیلئے سفر کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم ان کے پاسپورٹ کی اجرائی کے مسئلہ پر جموں و کشمیر میں برسر اقتدار اتحاد کے دو اہم ساجھیداروں پی ڈی پی اور بی جیپی کے نظریات میں شدید اختلافات ہیں۔