گیلانی کو پاسپورٹ کی اجرائی پر سیاسی اختلاف

نئی دہلی ۔ /22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پی ڈی پی نے کہا کہ گیلانی کو انسانی بنیادوں پر پاسپورٹ جاری کیا جانا چاہئے تاکہ وہ سعودی عرب میں زیر علاج اپنی علیل دختر کی عیادت کرسکیں۔ بی جے پی نے پرزور انداز میں کہا کہ انھیں سفری دستاویزات اس وقت تک جاری نہیں کی جانی چاہئیں جب تک کہ وہ اپنی ’’قوم دشمن‘‘ سرگرمیوں کیلئے معذرت خواہی نہ کریں۔ دریں اثناء مرکز نے کہا کہ پاسپورٹ کی درخواست پر تمام رسمی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد ہی غور کیا جائے گا اور اشارہ دیا کہ وہ پاسپورٹ کے اجراء کا مخالف نہیں ہے۔سید علی شاہ گیلانی اپنے علحدگی پسند رجحان اور پاکستان کی تائید کیلئے شہرت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کبھی خود کو ہندوستان کا شہری قرار نہیں دیا ۔ پاسپورٹ جاری کرنے کا مطلب ان کو ہندوستانی شہری تسلیم کرنے کے مترادف ہوگا ۔